ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جنگجوؤں سے سختی سے نمٹناناگزیر: جیٹلی

عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جنگجوؤں سے سختی سے نمٹناناگزیر: جیٹلی

Sat, 23 Jun 2018 12:00:40    S.O. News Service

نئی دہلی ،23؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے آج کہا کہ عام لوگوں کے انسانی حقوق کی حفاظت کے لئے دہشت گردوں سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ جیٹلی نے سوال اٹھایا کہ مرنے اور مارنے کو تیار فدائین کے ساتھ کیا ستیہ گرہ کے راستے سے نمٹنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہشت گرد جو ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتا ہے اور جنگ بندی کی تجویز سے بھی انکار کرتا ہے اس کے ساتھ اسی طرح سے نمٹا جانا چاہئے جس طرح قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے والے کسی بھی شخص سے نمٹا جاتا ہے۔ یہ طاقت کا استعمال کی بات نہیں ہے؛بلکہ یہ قانون کی بالادستی کی بات ہے۔ جیٹلی نے کہا کہ ہر ہندوستانی اس بات کو لے کر فکر مند ہے کہ کون ہے جو اس ملک کو متحد رکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا واحد مقصد ایک منتخب حکومت، عوام کے ساتھ بات چیت اور کشمیریت کے تئیں انسانیت کا رخ ہے، حالانکہ اس سے کچھ لوگ اختلاف کر سکتے ہیں۔ جیٹلی نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ کبھی کبھی ہم ان جملے میں پھنس جاتے ہیں جو ہم نے ہی گھڑے ہیں۔ ایسا ہی ایک محاورہ ہے’’ کشمیر میں طاقت کے استعمال کی پالیسی ‘‘ ایک قاتل سے نمٹنابھی قانون و نظام کا خصوصی مسئلہ ہے۔ اس کے لئے سیاسی حل کا انتظار نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے سوال کیا کہ ایک فدائین مرنے کو تیار رہتا ہے۔ وہ مارنے کو بھی تیار رہتا ہے۔ تو کیا انہیں ستیہ گرہ کی تجویز دے کر نمٹا جا سکتا ہے؟ جب وہ قتل کرنے جا رہا ہو تو کیا سیکورٹی فورسز کو اس سے یہ کہنا چاہئے کہ وہ مذاکرات کی میز تک آئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جس پالیسی پر عمل کیا جانا چاہئے وہ وادی کے عام شہریوں کی حفاظت، انہیں دہشت گردی سے آزادی نیز بہتر معیار زندگی فراہم کرنا ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ بھارت کی خود مختاری اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے ۔جیٹلی نے لکھا کہ ہماری پالیسی ہونی چاہئے کہ ہر ہندوستانی، چاہے وہ قبائلی ہو یا پھر کشمیری، ان کو انسانی حقوق کی پامالی اور دہشت گردی سے نجات دلائی جائے ۔


Share: